گردن کو گول گھمانے والے کراچی کے لڑکے کی دھوم

 

کراچی: ویسے تو گزشتہ ماہ صوبہ سندھ کے علاقے تھر سے یہ خبر آئی تھی کہ وہاں کی 10 سالہ بچی گردن کی بیماری میں‌مبتلا ہے، جس کی گردن 180 ڈگری پر الٹی ہے، اور وہ سیدھی نہیں ہوتی، جس وجہ سے بچی کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، تاہم اب سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ہی ایک لڑکے کی دنیا بھر میں دھوم ہوگئی ہے، جو اپنی گردن کو قدرتی طور پر 180 ڈگری تک گھمانےکا فن جانتا ہے کراچی سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ محمد سمیر کو خدا نے غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا ہے اور اس کی ہڈیوں میں اس قدر لچک ہے کہ وہ نہ صرف اپنی گردن کو 180 ڈگری تک موڑ سکتا ہے بلکہ جسم کے دیگر اعضاء کو بھی اپنی مرضی کے مطابق حرکت دے سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے 14 سالہ لڑکے کی جانب سے اپنی گردن اور دیگر اعضاء کو 180 ڈگری تک گھمانے کے کرتب دیکھ کر دنیا بھر کے لوگ حیران رہ گئے، برطانوی اخبار نے سمیر کی ویڈیو شائع کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہوگئی، برطانوی اخبار سے بات کرتے ہوئے سمیر نے بتایا کہ جب وہ چھ یا سات برس کا تھا تو اس نے ایک ہالی ووڈ فلم میں اداکار کو دیکھا تھا جو اپنے سر کو موڑ کر پیچھے موجود افراد کو بھی دیکھ لیتا تھا اور تب سے ہی وہ ایسا کرنے کی کوشش کرتا ہے،سمیر کے مطابق جب پہلی بار اس نے اپنی گردن کو اس قدر موڑا تو اس کی والدہ نے اسے تھپڑ مارا اور کہا کہ وہ آئندہ ایسا نہ کرے کیوں کہ ایسا کرنے سے اس کی گردن ٹوٹ سکتی ہے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس کی والدہ کو بھی اس بات کا اندازہ ہوگیا کہ سمیر خداداد صلاحیتوں کا مالک ہے۔