بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستانی بچے کو میڈیکل ویزہ دینے کی ہدایات جاری کردیں

نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کم سن پاکستانی بچے کو دل کے آپریشن کے لیے فوری طور پر میڈیکل ویزا فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں رہائش پذیر پاکستانی شہری توقیر علی نے بھارتی ویزا کے لیے دبئی میں واقع بھارتی قونصلیٹ آفس سے 18 ستمبر کو رجوع کیا مگر تاحال اسے اب تک ویزا نہیں ملا جس پر توقیر علی نے ٹوئٹر پر وزیر خارجہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ میرا بیٹا دل کے ایک ایسے عارضے میں مبتلا ہے جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں، اسے علاج کے لیے اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت ہے جس کے اسپیشلسٹ بھارت میں موجود ہیں، میں آپ سے مدد کی اپیل کرتا ہوں، 18 ستمبر سے بیٹے کے لیے ویزا کی درخواست دی ہے جو کہ تاحال نہیں ملا۔بھارتی وزیر خارجہ سمشا سوراج نے توقیر کے ٹوئٹ کا فوری جواب دیا اور کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں، انہیں اور بیٹے کو ویزا دلانے کے لیے دبئی میں بھارتی ویزا آفس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ وہ بھارت آکر بیٹے کی اوپن ہارٹ سرجری کراسکیں۔