میکسیکو کے سیاحتی مقام کی آسان نوکری کی پیش کش

میسیکو سٹی: دنیا مین شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو یہ چاہتا ہو کہ اسے آسان سے آسان کام کے بجائے مشکل کام دیا جائے، ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس سب سے آسان کام والی نوکری ملے، اور ایسے ہی افراد کے خواہشات کا خیال رکھتے ہوئے میکسیکو کے ایک سیاحتی مقام نے لوگوں کو سب سے آسان نوکری کی پیش کش کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی ہیں، میکسیکو کی ساحلی پٹی میں واقع مقبول سیاحتی ریزورٹ کو ‘کونکون ایکسپیرنس آفیسر’ کی تلاش ہے، اس کے لیے علاقے میں خوب گھومنا ہوگا یعنی تین ہزار قدیم ہرم کی سیر کرنی ہوگی یا وہیل شارک کے ساتھ تیراکی کا مزہ لینا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے سیاحتی مقام کو کونکون ایکسپیرنس آفیسر کی تلاش ہے، جس کے لیے اس نے دنیا بھر سے درخواستیں طلب کی ہیں، یہ ملازمت چھ ماہ کے لیے ہوگی جس کا دورانیہ مارچ سے اگست 2018 پر محیط ہوگا اور اس کے دوران امیدوار کو صرف اپنے گھومنے پھرنے کی ویڈیوز بنانا ہوں گی، سوشل میڈیا پوسٹس کرنا ہوں گی اور کونکون ڈاٹ کام پر بلاگ شائع کرنا ہوں گے۔

اس ملازمت کے لیے ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کیا جاسکتا ہے اور جو لوگ اپلائی کریں گے ان میں سے سو بہترین افراد کا انتخاب دسمبر میں کیا جائے گا اور یہ تعداد جنوری میں پچاس تک محدود کردی جائے گی، آخر میں پانچ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں سے کسی ایک کو چنا جائے گا۔