پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے، الیکشن میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے، کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے، ہم انتخابات بروقت کرانے کیلئے آئین میں ترمیم کیلئے راضی ہوئے ہیں، تمام صوبوں کی تجاویز پر عمل ہوتا تو معاملات ٹھیک ہوجاتے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھاکہ آئین میں ترمیم کے تحت صوبائی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں ہوں گی، ہم مردم شماری کے نتائج کچھ شرائط پر قبول کریں گے، وفاقی حکومت نے ہماری شرائط مان لی ہیں، ہماری پہلی شرط یہ ہے کہ ایک فیصد بلاکس کی تھرڈ پارٹی سے تصدیق کرائی جائے گی،دوسری شرط ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے عوام کے خدشات دور کئے جائیں گے، تیسری شرط ہے کہ ادارہ شماریات جلد ازجلد مردم شماری کے بلاکس کا ڈیٹا شائع کرے گا۔ وفاق نے مردم شماری سے متعلق ہمارے مطالبات منظور کرلیے ہیں۔