نواز شریف نے 3 ریفرنسز کویکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ چیلنج کردیا

اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل نے 3ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق عدالتی فیصلےکیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے جلد بازی میں فیصلہ دیا ،تفصیلی فیصلے میں درج وجوہات کو زیر غور نہیں لا یا گیا ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی اپیل آج ہی سماعت کے لیے مقرر کر کے ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ نواز شریف نے قومی احتساب بیورو( نیب )کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیےاسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی ،تاہم احتساب عدالت نے سماعت کے بعد نوازشریف کی درخواست مسترد کردی تھی۔