مقبول خبریں

سعید اجمل کا عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کافیصلہ

لاہور: اسپن بائولر اور ماضی میں حریف ٹیموں کے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے سعید اجمل نے دلبرداشتہ ہوکر عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران تمام طرز کی کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے، انہوں نے کہا کہ میں کسی ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہتا اور اب وقت آ گیا ہے کہ میں کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لوں،  میں خود پر سفارشی کی مہر نہیں لگوانا چاہتا اور قومی ٹی20 چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائر ہو جاؤں گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر سعید اجمل نے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا جس کا باضابطہ اعلان وہ ایک دو روز بعد کریں گے،سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ رواں سیزن کی تمام کمٹ منٹس پوری کرنے کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے اور ایک دو روز میں اس حوالے سے باضابطہ اعلان ایک پریس کانفرنس میں کریں گے، انہوں نے کہا کہ جتنی بھی کرکٹ کھیلاخوب لطف اندوز ہوا، کوشش کی تھی کہ کم بیک کروں لیکن اب کسی سے کوئی شکوہ نہیں۔