مقبول خبریں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر ٹی ٹین لیگ کی حمایت کردی

لاہور: آئندہ ماہ دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دنیا کی پہلی ٹی ٹین لیگ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر حمایت کا اعلان کردیا، خیال رہے کہ ٹی ٹین لیگ ٹی ٹوئنٹی کے طرز پر ہوگی، لیکن اس میں 20 کے بجائے 10 اوورز کا کھیل ہوگا، اور پہلی ٹی ٹین لیگ میں ابھی تک چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ٹی ٹین لیگ کے انعقاد پر پاکستان سپر لیگ کے مالکان کو اعتراضات تھے، انہوں نے پی سی بی سے ٹی ٹین لیگ کی مخالفت کرنے کی سفارش کی تھی، مگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹین لیگ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس سے پی ایس ایل مالکان کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی پہلی ٹوئنٹی لیگ کی حمایت کا اعلان کردیا،پیر کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں دیگر معاملات کے علاوہ ٹی ٹین لیگ کا معاملہ سب سے نمایاں رہا، تاہم پی سی بی نے اس کی حمایت کردی،شارجہ اسٹیڈیم میں ہونے والی پہلی ٹی ٹین لیگ آئندہ ماہ 14 سے 17 دسمبر تک ہوگی، جس میں انگلش کپتان یوان مورگن سمیت صف اول کے کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں،پہلی ٹی 10 لیگ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں میں پنجاب لیجنڈز، پختون، مراٹھا عربینز، کیرالہ کنگز، بنگال ٹائیگرز اور ٹیم سری لنکا شامل ہیں۔