لبنان کی مشہور پاپ سنگر امل حجازی نے گلوکاری کو خیر باد کہہ کر نعت خوانی سےنئے کریئر کا آغاز کیا

بیروت :لبنان کی مشہور پاپ سٹار امل حجازی نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد پیغمبر اسلام کی مداح میں ایک نعت کے ساتھ اپنے نئے کریئر کا آغاز کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنانی گلوکارہ امل حجازی کے گلوکاری سے ریٹائر ہونے اور اسلامی شعار کے مطابق زندگی گزارنے کے فیصلے نے ان کے لاکھوں مداح کو حیران کر دیا تھا۔انھوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر حجاب میں اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئےلکھا ہے کہ ’’اللہ نے بالآخر میری دعاؤں کو قبولیت بخشی‘‘،میں کئی سال تک اپنے محبوب فن اور اپنے عزیز مذہب کے درمیان متصادم رہی، میں اپنی اس اندرونی کشمکش کے ساتھ جی رہی تھی کہ اللہ نے میری دعاؤں کو قبولیت بخشی، بالآخر مجھے جس خوشی کی تلاش تھی وہ مل گئی‘‘۔

انھوں نے اپنے نئے انداز کے ساتھ سوشل میڈیا پر گذشتہ روز نعت کا ویڈیو جاری کیا ہے۔جسے اب تک 80 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا اور ڈھائی لاکھ سے زیادہ مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔

امل حجازی نے اپنا پہلا ریکارڈ سنہ 2001 میں جاری کیا تھا اور اس کے ایک سال بعد انھوں نے اپنا دوسرا البم جاری کیا تھا جو کہ بہت مقبول ہوا،جبکہ نئی صدی کی پہلی دہائی کے اواخر تک وہ عرب دنیا کی اہم ترین سٹارز میں شمار ہونے لگیں،حجازی کا سنہ 2002 میں ریلیز ہونے والا البم ’زمان‘ عربی پوپ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ریکارڈز میں سے ایک تھا۔