فیس بک نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نئی میسینجر ایپ متعارف کرادی

سان فرانسسکو: دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے پہلی بار 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے اپنے دروازے کھولتے ہوئے ان کے لیے ایک نئی ایپ متعارف کرائی ہے، میسنجر کڈز نامی یہ ایپ فی الحال امریکا میں متعارف کرائی گئی ہے جو کہ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوگی تاہم اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا اور اسے دنیا بھر میں 13 سال سے کم عمر بچے اپنے والدین کی اجازت اور رضامندی سے استعمال کرسکیں گے، کمپنی کے مطابق والدین جب دل چاہے بچوں کے کانٹیکٹس کو دیلیٹ کرسکتے ہیں، جبکہ بچےبھی کسی کو بلاک کرسکتے ہیں جس کا نوٹیفکیشن والدین کو موصول ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق تاریخ میں پہلی بار فیس بک نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے خصوصی کڈز میسینجر ایپ متعارف کرادی، کمپنی کے مطابق یہ نئی ایپ پرائیویسی پر مبنی ہے جس میں بچوں کے والدین اپلیکشن کو بچے کے فون یا ٹیبلیٹ میں ڈاﺅن لوڈ کرکے ان کے لیے پروفائل بنائیں گے، دوستوں کی منظوری دیں گے، فیس بک کے مطابق جب اس ایپ کو ڈاﺅن لوڈ کیا جائے گا تو سب سے پہلے آپ کو اپنے فیس بک اکاﺅنٹ کو اتھارٹی دینا ہوگی جس کے بعد بچوں کے پہلے اور آخری نام سے ایک اکاﺅنٹ تیار کرنا ہوگا، جنھیں پبلک سرچ میں تلاش نہیں کیا جاسکے گا جبکہ یہ ایپ اشتہارات سے بھی پاک ہوگی، والدین ہی بچوں کے اس اکاﺅنٹ میں کانٹیکٹس کا اضافہ کرسکیں گے اور رشتے دار اپنے میسنجر اکاﺅنٹ سے ان بچوں سے رابطہ کرکے بات چیت کرسکیں گے۔