پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی، وزارتیں سر جوڑ کر بیٹھ گئیں

اسلام آباد: پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے مختلف وفاقی وزارتیں سر جوڑ کر بیٹھ گئیں،حکومت کو پارلیمانی کمیٹی نے اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے ایجنڈا تیار کرکے پیش کرنے کا کہا تھا، ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی ہدایت کے بعد وزارت صنعت، نجکاری اور خزانہ نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کے لیے سرجوڑ لیے، دوسری جانب نجکاری کمیشن نے منصوبے کے خدوخال پر کام شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی ہدایات کے بعد مختلف وزارتیں سر جوڑ کر بیٹھ گئیں، ذرائع کے مطابق بحالی منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں بینکوں اور گیس کے واجبات کی ادائیگیاں کی جائیں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیل مل کے ملازمین کے بقایاجات اور تنخواہوں کی ادئیگیاں بھی پہلے مرحلے میں شامل ہیں، دوسرے مرحلے میں اسٹیل مل کو فعال کرکے پیداوار شروع کرنا شامل ہے۔