ونٹر اولمپکس 2018 میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی

ماسکو :ڈوپنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد ونٹر اولمپکس 2018 میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2014 میں سرکاری سرپرستی میں ڈوپنگ کا الزام سامنے آنے کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا، بعدازاں 17 ماہ کی تحقیقات مکمل ہونے پر اولمپک کمیٹی نے گزشتہ روز روس کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا،انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی نے روسی اولمپک کمیٹی کو بھی معطل کردیا جبکہ آئندہ برس ہونے والے ونٹر اولمپکس میں شرکت پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔تاہم ایسے روسی کھلاڑی جو ڈوپنگ میں ملوث نہیں ہیں، انفرادی طور پر مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔یہ بھی یاد رہے کہ یکم نومبر سے اب تک 25 روسی ایتھلیٹس پر تاعمر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔