امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے منصوبے کی پاکستان کی شدید مذمت

اسلام آباد:وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دے کر اپنے سفارتخانے کی القدس منتقلی کے اقدام سے گزیر کرنے پر زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بیان کے مطابق پاکستان امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے منصوبے کی مذمت کرتا ہے اوراس مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم کے حال ہی میں منظور کئے گئے حتمی اعلامیے کی مکمل طورپر توثیق کرتا ہے۔بیان کے مطابق امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں بالخصوص اس کی 1980ء کی قرارداد نمبر478 کی کھلی خلاف ورزی ہوگی جب کہ اس اقدام سے اس معاملے پرگزشتہ کئی عشروں سے قائم عالمی مفاہمت علاقائی امن اور سلامتی اورمشرق وسطی میں دیرپا امن کے امکانات کونقصان پہنچے گا۔