آصف زرداری آج ڈاکٹرطاہرالقادری سے اہم ملاقات کریں گے

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری آج پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری سے اہم ملاقات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں لاہور میں ملاقات کی دعوت دی، اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو مل کر کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ملاقات میں خورشید شاہ اور قمرالزمان کائرہ سمیت پیپلز پارٹی کی سینیئر قیادت بھی موجود ہوگی، ملاقات میں ملک کی سیاسی اور عدم استحکام کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔دوسری جانب خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ملاقات کی دعوت طاہرالقادری نے دی جس پر ملنے جارہے ہیں ،قادری صاحب سے ملاقات نئی نہیں، پہلے بھی رابطے رہے ہیں، ہم 2002 میں پرویز مشرف کے خلاف بھی ایک ساتھ چلے ہیں۔