برطانیہ میں چور خاتون کا گھر ہی چراکر لے گئے

لندن: پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں تو چور گھروں کے تالے توڑ کر سامان چوری کرکے لے جاتےہیں، تاہم برطانیہ میں چوروں نے کمال کرکے دکھایا، وہ ایک عمر رسیدہ خاتون کے گھر کو ہی چوری کر گئے، جی ہاں برطانوی چور 70 سالہ عمر رسیدہ خاتون کا موبائل گھر آسانی سے چوری کرگئے، جس کے بعد خاتون تاحال صدمے میں ہے، خاتون نے گھر چوری ہونے کے بعد شہر کو ہی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی علاقے ڈیون سے چالاک چور 70 سالہ بیوہ سونیا مک کول کا 40 فٹ لمبا موبائل گھر ہی چوری کرگئے، مقامی میڈیا کے مطابق اس گھر کی قیمت 30 ہزار برطانوی پونڈ کے قریب ہے جب کہ چوروں کو اس مکان کو چوری کرنے کے لیے زیادہ محنت بھی نہیں کرنا پڑی اور وہ باآسانی اسے اٹھا کر ایک ٹریلر ٹرک پر لاد کر لے اڑے، خیال رہے کہ خاتون نے حال میں ایک موبائل گھر خریدا تھا لیکن انہیں توقع نہ تھی کہ یہ کسی طرح چوری بھی ہوجائے گا اور اس کا بیمہ بھی نہیں کیا گیا تھا اور اس طرح وہ اب پائی پائی کی محتاج ہوچکی ہیں۔