بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرائی ہے،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اقدام نے اسلامی دنیا کو گہرا زخم دیا ہے اور یہ عالمی امن کے خلاف سازش ہے، حکومت پاکستان مسلم امہ کے ساتھ مل کر عالمی برادری کے سامنے احتجاج کرے اور مسئلے کو اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون کی تنظیم میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے۔خیال رہے کہ گذشتہ روزامریکی صدرنے مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیل کادارالحکومت تسلیم کرلیا تھا،ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالخلافہ بنانے کے فیصلے پر دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔