زائرین کی کشتی کےحادثے میںجاں بحق افراد کی تعداد17ہوگئی-20کو ریسکیو کرلیا گیا

ٹھٹھہ:ٹھٹھہ،موھارا کے قریب سمندر میں زائرین کی کشتی کےحادثے میںجاں بحق افراد کی تعداد17ہوگئی ۔حادثہ دو کشتیاں ٹکراجانے کے باعث پیش آیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے موھارا میں زائرین کی بڑی تعداد میلے میں شرکت کے لیے جارہی تھی کہ دو کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 20 کو ریسکیو کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ دو کشتیوں میں سوار 60 سے زائد افراد پیر پٹھو کے مزار پر جارہے تھے کہ تیز ہوا کے باعث کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد الٹ گئیں۔عینی شاہدین کے مطابق زائرین جس کشتی میں سوار ہوئے اس میں تقریباً 200 افراد کی گنجائش تھی لیکن کنارے پر تیز ہوا اور مسافروں کی جلدبازی کے باعث کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی جب کہ حادثے کے بعد کئی افراد کنارے پر ہی پانی میں ڈوبے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کی لاشوں کو شیخ زید اسپتال ساکرو منتقل کیا گیا ہے۔