جمہوریت پر پختہ یقین ہے-جمہوری واخلاقی اقدارکیساتھ بے لوث خدمت پر یقین رکھتاہوں۔آرمی چیف

کوئٹہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کہاکہ میرا جمہوریت پر پختہ یقین ہے اور جمہوری واخلاقی اقدار کے ساتھ بے لوث خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر کے مطابق) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ میرا جمہوریت پر پختہ یقین ہے، فوج ایک ریاستی ادارہ ہے جس کا مقصد ہے قوم کی خدمت کرنا ہے اور پاک فوج اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی جب کہ ملکی ترقی اور سیکیورٹی ریاست کے ہر ادارے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ فوج میں بلوچستان کے 20 ہزار بیٹے خدمات انجام دے رہے ہیں، ان بلوچ فرزندوں میں 600 افسران بھی شامل ہیں جب کہ فضائیہ اور بحریہ میں کام کرنے والے بلوچ شامل کریں تو یہ تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور سول سروس کو پرکشش بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اعلیٰ ٹیلنٹ اس میں آئے جب کہ ہمارے پاس کافی وسائل ہیں صرف انسانی وسائل کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔