Google
 

:: عشق کا شین1
”مجھے اس کا بھی تو ڈر ہے اماں۔ تو کیا وہ واپس ہی نہیں آئیں گے۔“
اس بار حمیدہ کو اس محبت کی گہرائی کا بھی پتا چل گیا۔ نور بانو کا جسم بری طرح لرز رہا تھا۔
اُدھر نور بانو کو بھی احساس ہوا کہ اس بحران میں وہ اپنے دل کا بھید کھول بیٹھی ہے۔ وہ حمیدہ سے الگ ہوئی۔ اُس نے حمیدہ کے چہرے کو غور سے دیکھا اور وہاں تفہیم کا رنگ دیکھ کر نظریں جھکالیں۔
اُس لمحے میں، جب وہ بھاگ بھی نہیں سکتی تھی اور حیا کی وجہ سے وہ حمیدہ کا سامنا بھی نہیں کر پا رہی تھی، باہر سے قدرتی مدد میسر آگئی۔ اُسے رابعہ کی پکار سنائی دی۔ وہ بے حد پریشان لہجے میں اُسے پکار رہی تھی۔ ”منجھلی بی بی.... نور بی بی.... کہاں ہو؟“
”خیر تو ہے۔“ حمیدہ نے پریشان ہو کر کہا۔
”میں دیکھتی ہوں اماں۔“ نور بانو بولی اور اٹھ کر باہر کی طرف لپکی۔ کتابیں اور ڈائریاں حمیدہ کی پارچائی پر ہی رہ گئی تھیں۔
٭٭٭
باہر رابعہ پریشان کھڑی تھی۔ نور بانو باہر نکلی۔ ”کیا بات ہے آپا؟“ اُس نے رابعہ سے پوچھا۔
”وہ منجھلی بی بی، مینو کچھ کھا ہی نہیں رہا ہے۔“ رابعہ کے لہجے میں سراسیمگی تھی۔
نور بانو جانتی تھی کہ مینو عبدالحق کے مینڈھے کا نام ہے اور بات سمجھ میں آنے والی تھی۔ مینو عبدالحق کے ہاتھ سے کھانے کا عادی تھا۔ ایک بار پہلے بھی ایسا ہو چکا تھا۔ مگر جب عبدالحق واپس آگیا تھا اور اُس نے آدھی رات کو مینو کو اپنے ہاتھ سے کھلایا تھا۔
لیکن اب اور بات تھی۔ نور بانو کو لگتا تھا کہ عبدالحق خدانخواستہ بہت دنوں کے لئے چلا گیا ہے۔ تو اب مینو کا کیا بنے گا؟ وہ بھی پریشان ہو گئی۔ ”اب کیا ہو گا آپا؟“
”کچھ سمجھ نہیں آتا۔ میں نے اور زبیر نے تو بہت کوشش کرلی۔ پر وہ کچھ کھاتا ہی نہیں۔ کل دوپہر سے کچھ نہیں کھایا ہے اس نے۔“
”کچھ تو کرنا ہو گا۔ وہ تو جلدی آنے والے نہیں۔“
”آپ چلونا منجھلی دیدی۔ آپ کوشش کرو۔ شاید کچھ کھالے۔“
”میں؟“ نور بانو نے حیرت سے کہا۔ ”مجھ سے تو وہ بالکل بھی مانوس نہیں ہے۔“
”آپ جانوروں سے محبت کرتی ہیں۔ اور جانور محبت کو سمجھتے ہیں منجھلی بی بی۔“
نور بانو کو اپنے والے بکری کے بچوں کا خیال آگیا۔ یہ جانوروں سے محبت اُس نے یہاں آکر ہی تو سیکھی تھی۔ اور اب تو وہ بچے بھی نہیں رہے تھے۔ بڑے ہورہے تھے۔ ان میں ایک بکرا تھا اور ایک بکری۔ چھوٹے تھے تو وہ بھی بہت نخرے کرتے تھے۔ مگر اب کھلے پھرتے تھے۔ نور بانو کی دلچسپی بھی اب کم ہو گئی تھی۔ وہ بچے تھے تو وہ ان میں بہت کشش محسوس کرتی تھی۔
Updated on 15 May 08 at 09:22 back to Home
Google
 

Office# no: 1 Block 4, Hockey Club of Pakistan, Liaquat Barracks, Karachi-4,
Ph: 5655270, 5655272, Fax: 5655275-6
E-mail US: Info@ummatpublication.com

Daily Ummat Karachi
Copyright2003-2008, All Rights Reserved.