Google
 

:: عشق کا شین3
سردیوں میں ہری گھاس نہیں ہوتی تھی۔
”آپ کچھ کرو منجھلی بی بی۔ میں ابھی آتی ہوں۔“ رابعہ نے کہا اور شیڈ سے چلی گئی۔
نور بانو نے سوچا کہ رابعہ اور زبیر اگر مینو کو کھلانے میں ناکام ہو گئے ہیں تو وہ آسانی سے تو کچھ کھائے گا نہیں۔ اور ابھی وہ اُس سے مانوس بھی نہیں ہے۔ اس لئے پہلے کچھ کھلانے کی کوشش کرنے کے بجائے دوستی کی جائے.... اسے خود سے مانوس کیا جائے۔
چنانچہ وہ مینو کے پاس بیٹھ گئی اور اُس کا سر سہلانے لگی۔ بکروں اور مینڈھوں کا معاملہ عجیب ہوتا ہے۔ ان کے سر کے اگلے حصے میں کوئی میکنزم ہوتا ہے۔ وہاں ہاتھ لگاﺅ تو وہ پُرجوش ہو جاتے ہیں.... ہیجان میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ بلکہ ان میں جارحیت بھی جاگ اٹھتی ہے۔
نور بانو کو اپنی دو بکریوں کا تجربہ تھا۔ اُس نے جلدی سے ہاتھ ہٹا لیا اور مینو کی کمر سہلانے لگی۔
شروع میں تو مینو کے انداز میں بے نیازی تھی۔ اس نے کوئی ردِّعمل ظاہر نہیں کیا۔ مگر چند منٹ بعد نور بانو کو اپنے ہاتھ پر اس کی گرم گرم سانسیں محسوس ہونے لگیں۔ شاید وہ سونگھ رہا تھا۔
نور بانو کو تجربہ ہو گیا تھا کہ جانوروں کو بھی باتیں سننا بہت اچھا لگتا ہے۔ اور وہ خود بھی بہت بوجھل ہورہی تھی۔ دل پر ایسا بوجھ تھا، جو وہ کسی کے سامنے بھی ہلکا نہیں کر سکتی تھی۔ البتہ بے زبان مینو کی بات اور تھی۔ وہ نہ کچھ سمجھتا اور نہ نور بانو کو حیا آتی۔
لیکن ایسے میں اسے رابعہ کی بات یاد آئی۔ ایک بار رابعہ نے کہا تھا .... جانور ہر بات سمجھتے ہیں۔ بس بول نہیں سکتے۔
”چلو ایسا ہی سہی۔“ نور بانو نے مینو کی کمر سہلاتے ہوئے کہا۔ ”تم سن لو، سمجھ بھی لو۔ مگر کسی سے کچھ کہو گے تو نہیں۔“
مینو ویسے ہی بیٹھا رہا۔ اس کی گرم سانسیں نور بانو کے ہاتھ کو چھوتی رہیں۔
”تمہاری قصوروار میں ہوں۔“ نور بانو کہتی رہی۔ ”لیکن سچ پوچھو تو میرا کوئی قصور نہیں۔ میں نے تو ان سے کچھ بھی نہیں کہا۔ انہوں نے خود ہی ایک مطلب نکالا اور چل دئیے۔ اب بناﺅ، میں نے تو کچھ نہیں کہانا۔ لیکن سب یہی سمجھ رہے ہیں کہ ان کے جانے کی ذمے دار میں ہوں۔“
نور بانو کا ہاتھ اب مینو کی گردن کو سہلا رہا تھا۔ اب لگتا تھا کہ اس لمس میں مینو کو کوئی کرنٹ محسوس ہورہا ہے۔ کیونکہ وہ کچھ سنبھل کر بیٹھ گیا اور سر اٹھا کر نور بانو کو دیکھ رہا تھا۔
Updated on 15 May 08 at 09:26 back to Home
Google
 

Office# no: 1 Block 4, Hockey Club of Pakistan, Liaquat Barracks, Karachi-4,
Ph: 5655270, 5655272, Fax: 5655275-6
E-mail US: Info@ummatpublication.com

Daily Ummat Karachi
Copyright2003-2008, All Rights Reserved.