یہ سلیکٹڈ بھی ضیا اور مشرف کی طرح تاریخ کی ردی کی ٹوکری میں جائے گا۔فائل فوٹو
یہ سلیکٹڈ بھی ضیا اور مشرف کی طرح تاریخ کی ردی کی ٹوکری میں جائے گا۔فائل فوٹو

31 جنوری تک عمران خان نے استعفی نہیں دیا تو لانگ مارچ ہوگا۔بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہیں دیا تو لانگ مارچ ہوگا۔

گڑھی خدا بخش میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مزدور اپنی مزدوری، کسان فصل کی قیمت اور غریب دو روٹی کو ترس رہے ہیں لیکن ان ظالم حکمرانوں کو کسی پرترس نہیں آرہا۔ انہیں آپ کی غربت اور بے روزگاری نظر نہیں آتی، اس کٹھ پتلی کو آپ کی چیخیں سنائی نہیں دیتیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان  عوام کو روزگار، روٹی نہیں دے سکتا اورکہتا ہے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ ہاں، اس نے کسان، تاجر، مزدور، عوام، ڈاکٹر، اساتذہ اورطلبہ کسی کو نہیں چھوڑا۔

انہوں ںے کہا کہ یہ ملک اور عوام اس نااہل سلیکٹڈ کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ بہت وقت ہوچکا ہے اگر اس نااہل حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو یہ ملک کا بیڑہ غرق کردیں گے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ یہ سلیکٹڈ بھی ضیا اور مشرف کی طرح تاریخ کی ردی کی ٹوکری میں جائے گا۔ اس نااہل کو لانے والے تو لے آئے لیکن اس کو عقل اور حوصلہ کیسے دیتے۔ اگر یہ چیزیں بازار میں ملتیں تو عمران کا کوئی اے ٹی ایم اسے خرید کر دے دیتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صرف سندھ کا وزیراعلیٰ ہی صوبوں کے عوام کے لیے بات کرتا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے جزیروں پر قبضے ہورہے ہیں ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔ ملک میں سب سے زیادہ گیس سندھ اور بلوچستان پیدا کرتے ہیں لیکن ان صوبوں کو گیس نہیں ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں سی پیک سے ملک کے عوام کو فائدہ پہنچے،  سی پیک کام یاب ہو لیکن صرف وہ سی پیک کام یاب ہوسکتا ہے جو مقامی لوگوں کو فائدہ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا  ہے  کہ اگر31 جنوری تک عمران خان نے استعفی نہیں دیا تو لانگ مارچ ہوگا۔ ہم اسلام آباد کا رُخ کریں اور بھرپورتحریک چلائیں گے۔ کیا تم لانگ مارچ کے لیے تیار ہو، کیا تم اس کٹھ پتلی کو کرسی اتارنے کے لیے تیار ہو؟ اگر آپ تیار ہو تو کوئی طاقت آپ کاراستہ نہیں روک سکتی۔

انہوں ںے جلسے کے شرکا سے مخاطب ہوکر کہا کہ وقت آگیا ہے، تیاری کرلو، گڑھی خدا بخش کے اس میدان میں وعدہ کرو، اس مزار کی طرف منہ کرکے وعدہ کرو کہ جب لانگ مارچ کی کال دوں گا تو دمام دم مست کا نعرہ لگا کر میرا ساتھ دو گے اور ہم ملک کو اس نااہل حکومت سے بچائیں گے۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقعے پر منعقدہ جلسے سے پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے بھی تقاریر کیں  جب کہ سابق صدر آصف زرداری نے ویڈیو لنک سے ذریعے جلسے سے خطاب کیا۔