آج لیاقت آباد میں پیپلزپارٹی کو جلسی اور جلسے کا فرق بتائیں گے۔فاروق ستار

کراچی:انسداددہشتگردی عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کراچی میں تاریخی جلسہ ہوگا جس میں نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ’پیپلزپارٹی نے ٹینکی گراونڈ میں جلسہ کیا تو پانی کی ٹینکی خالی تھی اور ان کےجلسےکے بعد بھی ٹینکی خالی تھی لیکن ہم بتائیں گے کہ جلسی اور جلسے میں کیا فرق ہے، ہم بتائیں گےکہ خالی اور بھری ہوئی ٹینکی میں کیا فرق ہے‘۔ایم کیو ایم میں دھڑے بندی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم بیٹھیں گے اور اختلافات کو حل کریں گے ،ایم کیوایم میں اصلاحات ہونی چاہئیں اور سب کا احتساب ہوناچاہیے۔کے الیکٹرک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے ابھی تک اپنا قبلہ درست نہیں کیا کراچی میں بجلی اور پانی کا شدید مسئلہ ہے،واٹر بورڈ بھی اپنا قبلہ درست کرے، آج کا جلسہ پانی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف ہمارا احتجاج بھی ہوگا۔