کچھ لوگ اب بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اب بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں اور ہر الیکشن میں اس طرح کے لوگ آجاتے ہیں۔
احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اب بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں۔ ہر الیکشن میں اس طرح کے لوگ آجاتے ہیں لیکن یہ بڑا الیکشن، بڑا الیکشن ہے۔
اس موقع صحافی نے سوال کیا کہ الیکشن اگر ملتوی ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے؟ جس پر نواز شریف نے جاوید ہاشمی کو جواب دینے کے لئے کہا۔ جس پر جاوید ہاشمی نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرانے والے جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں، پانچ سال پورے کئے بہت بڑی بات ہے۔ میں آج نواز شریف صاحب کو مبارک باد دینے آیا ہوں۔ میاں صاحب ووٹ کو عزت دینے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
صحافی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، انسان کو ہر حال میں خوش رہنا چاہیے، جس کا تکیہ اللہ پر ہو اُسے اللہ خوش رکھتا ہے۔