سپریم کورٹ کاکالاباغ ڈیم تعمیر کیس آئندہ ہفتےسماعت کیلئے مقررکرنے کاحکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے ہیں کہ پانی کی کمی سب سے بڑا مسئلہ ہے،سب سے بڑی ترجیح پانی ہے ڈیمز سے متعلق تمام مقدمات آئندہ ہفتے سنیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بنچ نےماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کی اور اس دوران عدالت نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر دیا، عدالت نے پانی کی کمی اور ڈیمز کی تعمیر سے متعلق دیگر مقدمات بھی مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی سب سے بڑا مسئلہ ہے،مقدمات سپریم کورٹ کی تمام رجسٹریز میں سنیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اب سپریم کورٹ کی سب سے بڑی ترجیح پانی ہے،ہم نے اپنے بچوں کو پانی نہیں دیا تو کیا دیا؟ ،انہوں نے کہا کہ ہفتہ کراچی، اتوار کو لاہور میں پانی سے متعلق کیسز سنیں گے،میں نے 32،32 سال پرانے مقدمات نکالے ہیں، پانی پاکستان کی بقا ہے،اس حوالے سے تمام پٹیشنز نمٹائیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ تمام متعلقہ افراد تیار ہو جائیں،بھارت نے ڈیم بنا لیے ،دریائے نیلم اور جہلم خشک ہو گئے،عدالت نے واپڈا کے سابق چیئرمین شمس الملک اور ظفر محمود کو طلب کر لیا،اس کے علاوہ سابق چیئرمینزکو پانی کی کمی سے متعلق معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔