ملک بھر میں آج ہزاروں مسلمان اعتکاف میں بیٹھیں گے

ملک بھر کی سیکڑوں مساجد میںہزاروں مسلمان آج (20 ویں رمضان) اعتکاف میں بیٹھیں گے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے کو جہنم سے نجات کا عشرہ قرار دیا گیا ہے۔ اس عشرے میں فرزندان اسلام خالق کائنات سے لو لگانے اور جہنم کی آگ سے نجات کے لئے اعتکاف کی غرض سے مساجد میں قیام کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اعتکاف میں بیٹھنے والوں کیلیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے ہیں اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ملک بھر کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ اعتکاف میں بیٹھنے والوں کیلیے مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔
اعتکاف میں شرکت کیلیے لوگ 20 ویں رمضان کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوں گے اور عیدالفطر کا چاند نظرآتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا۔