سندھ کا آئندہ وزیراعلیٰ پی ایس پی کا ہوگا۔رضا ہارون کا دعویٰ

حیدرآباد:پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے کہا ہے کہ پی ایس پی باکردار وبا صلاحیت افراد کو ٹکٹ دے گی، سندھ کا آئندہ وزیر اعلیٰ پی ایس پی کا ہوگا،پاک سر زمین پارٹی کے اُمید وار آج( بدھ) سے کاغذات نامزدگی جمع کرائینگے۔پاکستان ہاؤس لطیف آباد گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ پی ایس پی نے ملک کی مروجہ سیاست کو چھوڑ کر عام افراد کو فارم بھرنے کی ترغیب دی تاکہ ملکی سیاست میں خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوان نسل آگے آسکیں،اتنی بڑی تعداد کا انتخابی فارم پُر کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ ماضی میں ان کے ساتھ ہر دور میں دھوکہ ہوتارہا اور ان کے ووٹ کی حرمت کو ہر دور میں پامال کیا گیا ،جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج سندھ میں بدحالی ، تباہ حالی عروج پر ہے ،نہ سندھ کے باسیوں کو علاج، تعلیم ،صاف، پانی اور بجلی دستیاب ہے اور نہ نوجوانوں کو روزگار دیا گیا۔