فٹبال ورلڈ کپ کیلئے فیفا نے 24 لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کردیئے

فٹبال کے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے آغاز میں ابھی چند روز باقی ہیں لیکن شائقین کا جذبہ عروج پر پہنچ گیا ہے اور شائقین کے اسے جذبے کو دیکھتے ہوئے فیفا نے 24 لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کردیئے ہیں۔

فیفا کی ایک رپورٹ کے مطابق روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے ٹکٹ کی سیل دنیا میں 15 ستمبر 2017 سے جاری ہے اور دنیا بھرمیں شائقین کواب تک لاکھوں ٹکٹ جاری کئے جاچکے ہیں۔

فیفا میچز کے لئے سب سے زیادہ روس کے شائقین کو 8 لاکھ 71 ہزار797 ٹکٹ جاری کئے گئے ۔ اس کے بعد امریکا کے شائقین کے لئے 88 ہزار825، برازیل 72 ہزار 512، کولمبیا 65 ہزار234 ، جرمنی 62 ہزار541، میکسیکو60 ہزار302،ارجنٹائن 54 ہزار31 ، پیرو 43 ہزار 583، چین 40 ہزار251، آسٹریلیا 36 ہزار359 اور انگلینڈ کے 32 ہزار362 شائقین کو ٹکٹ جاری کئے گئے۔

دوسری جانب فیفا نے فٹ بال شائقین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے اضافی ٹکٹ کی فراہمی کا اعلان کردیا ہے۔

شائقین میں عالمی ورلٹ کپ کے جنون کو دیکھتے ہوئے فیفا کی جانب سے براہ راست ٹکٹ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مزید ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کئے جائیں گے، یہ ٹکٹ پہلے فیفا کے دیگر گروپس کی جانب سے محفوظ کرائے گئے تھے جو 8 جون سے فیفا کی ویب سائٹ پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہیں۔

فیفا کی جانب سے جاری کردہ یہ اضافی ٹکٹ تمام میچز کے لیے ہوں گے جبکہ اس میں 4 کٹیگری شامل ہوگی جو مخصوص مقابلوں کے لیے صرف روس کے شہریوں کے لیے مختص ہوں گی۔

ٹکٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر فیفا کی جانب سے شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنا ٹکٹ خریدیں کیونکہ مانگ میں اضافے کے باعث ٹکٹ جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پیش نظر روس کی جانب سے عارضی ویزا پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت غیرملکی شائقین کے لئے ان کا ٹکٹ ہی ویزا ہوگا جس پر وہ روس میں داخلے کے حقدار ہوں گے۔

روسی حکومت کی جانب سے اس عارضی پالیسی کا اطلاق پاکستان سے تعلق رکھنے والے شائقین پر بھی ہوگا تاہم پاکستانی شائقین کو اس کے لئے فیفا سے اپنا ٹکٹ اورفین آئی ڈی حاصل کرنا ہوگی۔