42 الیکشن ہارنے والے نواب نے پھرکاغذات جمع کرادیئے

 

لاہور:پاکستانی سیاست کے انوکھے کردار نواب امبر شہزادہ نے بھی آئندہ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں، وہ این اے 125 سے مریم نواز اور یاسمین راشد کا مقابلہ کریں گے۔ اس سے قبل نواب امبر شہزادہ 42 الیکشن ہار چکے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے نواب امبر شہزادہ کاکہناہے کہ سیاستدان کو شوق کے تحت نہیں بلکہ ضرورت کے تحت کرپٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے این اے 125 لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، وہ اس حلقے سے چھٹی بار الیکشن لڑ رہے ہیں ، گزشتہ ضمنی الیکشن میں انہوں نے بیگم کلثوم نواز اور پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے مقابلے میں صرف 7 ووٹ حاصل کیے تھے۔

ڈاکٹر امبر شہزادہ کا کہنا ہے کہ ان کا انتخابی نشان چمچہ ہے اور وہ عوام کے چمچے ہیں، وہ امیدوار جنہیں ٹکٹ نہیں ملا وہ انتخابی نشان چمچہ کا انتخاب کریں تاکہ بعد میں مل کر اپنی حکومت بنا سکیں۔ وہ اب تک 42 الیکشن ہار چکے ہیں جن میں 4 صدارتی اور 3 سینیٹ کے الیکشن بھی شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.