شاہد پاشاکا ایم کیو ایم ورکرز ایکشن کمیٹی کے نام سے نئی جماعت بنانے کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے ایم کیو ایم ورکرز ایکشن کمیٹی کے نام سے نئی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
شاہد پاشا نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا اور ورکرز ایکشن کمیٹی ایم کیو ایم کے نام سے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ شاہد پاشا کو 6 روز قبل پارٹی رکنیت سے خارج کیا گیا جو ناانصافی ہے اور اس ساری سازش کے پیچھے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا ہاتھ ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ایم کیوایم رہنما شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ میں 32 سال سے ایم کیو ایم کا کارکن رہا، مجھے 5 بار گرفتار بھی کیا گیا اور اس دوران میں نے اپنی کوئی جائیداد نہیں بنائی۔ لیکن عامرخان، خواجہ اظہار، حیدرعباس رضوی، بابر غوری سمیت دیگر لوگ کیسے ارب پتی بن گئے، یہ سب ایم کیو ایم کے ارب پتی شہری وڈیرے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کی ایم کیوایم الگ ہے اور رابطہ کمیٹی نے اپنی ایم کیوایم بنا رکھی ہے، مجھے بغیر کسی قصور کے معطل کیا گیا، ہم رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ رابطہ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے۔