شیخ رشید کو جتوانے کیلئےحنیف عباسی کے خلاف فیصلہ ہوا، خورشید شاہ

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے اس پر مجھے بہت افسوس ہوا، اب عوام میں یہ پیغام گیا ہے کہ شیخ رشید کو جتوانے کے لئے حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ ہوا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے حنیف عباسی کو الیکشن میں موقع دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں سیاستدان ہوں اور مسلم لیگ (ن) سے میرا حد درجہ سیاسی اختلاف ہے لیکن حنیف عباسی کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے اس پر مجھے بہت افسوس ہوا، اب عوام میں یہ پیغام گیا ہے کہ شیخ رشید کو جتوانے کے لئے حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ ہوا۔ مخالف کو نا اہل کرو، جیل میں ڈالو اور شیخ رشید کو جتواؤ، کیوں کہ شیخ رشید اپنی پانچ سال کی قیمت مانگ رہا ہے وہ اسے دو۔
ان کا کہناتھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حنیف عباسی کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کرکے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کا پورا موقع دیا جائے ورنہ انتخابات کو نقصان ہوگا، جو بنیادی آئینی حقوق ہیں وہ سب کو ملنے چاہیے۔
خورشید شاہ کا مزیدکہنا تھا کہ نواز شریف کو بھی الیکشن کے موقع پر سزا دی گئی اور ان کی ضمانت کی درخواست کو بھی انتخابات کے بعد تک ملتوی کردیا گیا، آصف علی زرداری کا پرانا کیس اس وقت نکالتے ہیں جب الیکشن چل رہا ہے، آگے بھی مزید خطرات کا اندیشہ ہے، ایسے فیصلوں سے الیکشن کی ساکھ کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔

تبصرے بند ہیں.