عمران خان کو وزارت عظمٰی سے روکنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو وزارت عظمٰی کا حلف لینے سے روکنے کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پیر کو کریں گے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں بھی اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کا ذکر نہیں کیا، جبکہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں ان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیںاس کی وجہ سے عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں، ایسے شخص کا وزیر اعظم بننا ملکی سالمیت اور وقار کے خلاف ہے۔
درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ عدالت ٹیریان وائٹ کا مکمل مصدقہ ریکارڈ پیش کرنے اور ریحام خان کو الزامات کے شواہد فراہم کرنے کا حکم دے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہدا فاوٴنڈیشن کے سابق ترجمان حافظ احتشام کی طرف سے دائر درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور ریحام خان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔