مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹروں کے مشورے نظر انداز کردیے

 

اسلام آباد :متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دل کے عارضہ سے متعلق ڈاکٹرز کے 15روزہ آرام کے مشورے کو نظر انداز کردیا ،وہ آج صوبہ خیبرپختون میں اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے اور 8اگست کے الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی تیاریوں کی ہدایات جاری کریں گے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز دل میں تکلیف پر راولپنڈی امراض قلب انسٹی ٹیویٹ سے اپنا معائنہ کرایا تھا،جس میں ان کے دل کے ساتھ والی شریان میں مسئلہ کی نشاندہی ہوئی تھی ،جس پر ان کی فوری سی ٹی انجیو کی گئی تھی ،

معالجین نے مولانا کو 15روزہ آرام کا مشورہ دیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹرز کی ہدایات کو نظر انداز کردیا اور اپنی سیاسی اور انتخابی دھاندلی کے خلاف سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،ان کے ترجمان کا بھی کہنا ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنی جماعتی مصروفیات جاری رکھیں گے ۔

 

مولانا فضل الرحمان آج صوبائی دارالحکومت پشاور میں صوبائی شوریٰ اور مجلس عاملہ کے ارکان سے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی منصوبے پر مشاورت کریں گے ،جس کے تحت پہلے مرحلے میں 8 اگست کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا ہوگا۔