غنویٰ بھٹو نے جمائما سے معافی مانگ لی

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی سربراہ اور مرتضی بھٹو مرحوم کی بیوہ غنویٰ بھٹو نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما سے معذرت کرلی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹرپر جمائما کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اوہ میرے خدا، یہ میکسیکو تھا، میں معذرت کرتی ہوں، کس آسانی سےمجھ سمیت لوگ کیسے اندھے لوگوں کی طرح مفروضے قائم کرلیتے ہیں، مگر براہ کرم مجھے شرم پر لیکچر نہ دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز غنویٰ بھٹو نے جمائما اور ان کے بچوں کی ایک تصویر پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کیاتھا کہ عمران خان کی فیملی اسرائیل کے دورے پر ہے، پاکستان اس کا کیا مطلب لے؟
تصویر میں جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم اورسلیمان نظرآرہے ہیں جب کہ انہوں نے ایک ڈھیلا لباس بھی پہن رکھا ہے۔
غنویٰ بھٹو کی اس ٹوئٹ پر جائما نے ردعمل میں جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا’’یہ تصویر اسرائیل کی نہیں میکسیکو کی ہےجہاں ہم لوگ چھٹیاں منانے گئے تھے، ہم لوگوں نے’’پونچوز‘‘پہنا ہواہے اور یہ یہودیوں کا مذہبی لباس نہیں ہے، غنویٰ بھٹو تمہیں شرم آنی چاہئیے۔