وزیرِ خارجہ کا خزانہ خالی ہونے کا بیان مضحکہ خیز ہے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ نگران وزیرِ خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا بیان حقائق کے منافی ہے، ان کے دور حکومت میں 200 ارب روپے اضافی خرچ کیے جانے کا الزام درست نہیں ہے۔
ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ نگران وزیرِ خارجہ نے 200 ارب روپے اضافی خرچ کرنے کا غلط الزام لگایا۔ وزارتِ خزانہ کسی کو 200 ارب روپے اٹھا کر نہیں دے سکتی۔ وزارتِ خزانہ ایک ایک پائی طریقہ کار سے خرچ کرتی ہے۔ ہر رقم وزارتِ خزانہ اور اکاؤنٹٹ جنرل کی منظوری سے جاری ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خزانہ خالی ہونے کا وزیرِ خارجہ کا بیان مضحکہ خیز ہے۔ پاکستان کا خزانہ کبھی خالی نہیں ہوتا، پاکستان کے خزانہ میں روزانہ 12 ارب روپے ٹیکس آمدن آتی ہے۔ نگران وزیرِ خارجہ کا تین ارب روپے کے حصول میں مشکل سے متعلق بیان بھی درست نہیں، خزانہ بھرنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جاتے ہیں۔