چین اور ترکی نے ایران پر امریکی پابندیاں مسترد کر دیں

 

اسلام آباد: یورپی یونین کے بعد چین اور ترکی نے بھی ایران پر امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ترکی کے وزیرِ خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد کردہ پابندیوں پر عمل نہیں کرے گا۔چاوش اولو کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ایک امریکی وفد نے ترکی کا دورہ کیا ،جس میں ہونے والی گفتگو مثبت رہی تاہم ترکی نے امریکہ پر یہ بات واضح کردی ہے کہ ایران پر پابندیاں درست نہیں اور ترکی ان پابندیوں کا حصہ نہیں بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکی ایران سے تیل درآمد کرتا ہے اور یہ کاروبار عالمی منڈی کے طے شدہ اصولوں پر ہوتا ہے جو غلط نہیں۔

 

قبل ازیں چین بھی ایران پر امریکی پابندیوں کی مخالفت کرچکا ہے۔امریکی جریدے کے مطابق امریکہ چین کو ایران پر پابندیوں سے متعلق قائل کرنے میں ناکام رہا ہے اور چین نے ایران سے تیل کی درآمد ترک کرنے سے انکار کر دیا ہے۔خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چینی حکام نے ان درآمدات کو موجودہ حجم سے مزید نہ بڑھانے پر امریکہ سے اتفاق کیا ہے۔