عمران خان کاپلانٹڈبندہ ہوں،کابینہ مشاورت سےبنائیں گے،محمودخان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے نامزد کردہ خیبر پختوانخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ کسی کا نہیں عمران خان کا پلانٹڈ بندہ ہوںاور پی ٹی آئی کے نظریات اور عمران خان کے ساتھ ہوں۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ٹیم ہیں، سب عمران خان کے سپاہی ہیں، پہلے ہی کہا تھا عمران خان نے جس پر ہاتھ رکھا وہ سی ایم ہو گا، آج عاطف خان سے ملاقات کروں گااورمتحد ہوکر کام کریں گےاورہماری اولین ترجیح ہیومن ڈویلپمنٹ ہو گی۔

اس موقع پر ایک صحافی نے نامزد وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ جب آپ صوبائی وزیر سپورٹس کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے تھے ،تب 18لاکھ روپے آپ کے ذاتی اکاوئنٹ پر منتقل ہوئے تھے ،اس بارے میں آپ کیا کہیں گے ؟

اس پر جواب دیتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ آپ میرے اثاثے دیکھ سکتے ہیں ،اللہ نے مجھے میری حیثیت سے زیادہ دیا ہے،مالاکنڈ ٹیکس فری زون ہے جہاں ہماری 87 کینال کمرشل زمین ہے جو میں نے خریدی نہیں بلکہ خاندانی جائیداد ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ عمران خان نے آگے چلنے کی اجازت دے دی ہے اور پارٹی چیئرمین سے مشاورت کے ساتھ خیبرپختون خوا کی کابینہ تشکیل دیں گے۔

علاوہ ازیں نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھاکہ میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں انہوں نے مجھے اس عہدے کے لیے نامزد کیا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں انہوں نے مجھے اس عہدے کے لیے نامزد کیا، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، وزیراعلیٰ ایک بندے نے ہی بننا تھا۔