یمن میں سعودی فوجی اتحاد کی بمباری،بچوں سمیت 43 افراد جاں بحق

شمالی یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کے فضائی حملے میں کم سے کم 43 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

یمن کے قبائلی رہنماؤں کے مطابق سعودی فوجی اتحاد نے فضائی بمباری کی جس سے ہلاکتیں ہوئیں۔

دوسری جانب سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے انھوں نے حوثی باغیوں کو نشانہ بنایا ہے جنھوں نے سعودی عرب کے جنوب میں میزائل فائر کیا تھا جس سے ایک شخص ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے تھے۔

یمن کے المصیراح ٹی وی نے فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی فوٹیج نشر کی ہے جس میں زخمی اورہلاک بچوں کو دکھایا گیا ہے جن کے اسکول بیگز اورکتابیں دھماکے مقام پر بکھری پڑی ہیں۔

یمنی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سرحد سے متصل صوبہ سادا کی ضحیان مارکیٹ میں ایک اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں بچے اسکول جارہے تھے۔