شرجیل میمن کے خون کی رپورٹ سے سب واضح ہوجائے گا،نثار کھوڑو

حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب کی بوتل کا ہونا تبھی ثابت ہوتا ہے جب ان کے خون کی رپورٹ آ جائے۔
حیدر آباد میں پی پی کے مقامی رہنما کی رہائش گاہ رضوی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہناتھاکہ یہ غور طلب بات ہےکہ چیف جسٹس ثاقب نثار اسلام آباد سے سوچ کر آئے تھے یا انہیں یہاں کسی نے اسپتال کا دورہ کرنے کا کہا ہے۔

عمران خان نے100 روز کے ایجنڈا میں این ایف سی کا معاملہ رکھا ہی نہیں، یاد رکھیں این ایف سی میں دیر کرو گے تو صوبوں پر بوجھ پڑے گا، پاکستان کے خزانے کو ٹیکس کی مد میں ہم ستر فیصد دیتے ہیں تو ہمارا این ایف سی میں حصہ کیوں نہیں بڑھایا جاتا؟۔
ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ناراضگی نئی بات نہیں، وہ کبھی ہمارے حمایتی نہیں تھے، ہم نے پہلے اعلان کیا کہ اپوزیشن کریں گے، اپوزیشن کو متحد رکھنا تھا تو ہم نے اعتزاز احسن نام پیش کیا، اگر ہمارے صدراتی امیدوار پر حامی بھر لیتے تو زیادہ بہتر مقابلہ کرتے۔