لاہور میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق

لاہور کے علاقے بادامی باغ میں شادی کی خوشیوں نے پڑوسی کے گھر صف ماتم بچھا دی۔
دلہے کی بارات واپس پہنچی تو شادی میں شریک باراتیوں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ہمسایوں کی چھت پر کھڑی 22 سالہ ماریہ جاں بحق ہوگئی۔
اہل علاقہ کے مطابق ہوائی فائرنگ کے خلاف انہوں نے پولیس کو بلایا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو پہلے گرفتار کیا لیکن پھر رشوت لے کر چھوڑ دیا جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والی لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں انصاف دے جب کہ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔