لوٹاگیاپیسہ واپس لانا ممکن ہے:بیرسٹر شہزاد اکبر

 

اسلام آباد:وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہاہے کہ بیرون ملک سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانا ممکن ہے ،بڑے مگر مچھوں کو پکڑنے کیلئے خفیہ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ بیرون ملک سے لوٹا ہوا پیسہ لانا ممکن ہے ،اس کے لئے ایک خصوصی یونٹ بنایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ کے لئے کوئی خاص قوانین موجود نہیں اس لئے ایک خصوصی قانون سازی کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے نائیجریا کو بڑی مقدار میں پیسہ واپس کیا ہے تو پاکستان کو کیوں نہیں واپس کیا جا سکتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک تو پاکستانیوں کا وہ پیسہ ہے جو باہر کے ممالک میں ہے جس پر ٹیکس نہیں دیاگیا،اس پر ایک ماہ میں عمل در آمد شروع ہوجائے گا ۔دوسرا منی لانڈرنگ کے ذر یعے باہر لے جایا جانیوالا پیسہ ہے وہ پیسہ واپس لایا جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹی برطانیہ میں حسن اورحسین نواز کے نام پر نہیں ہے بلکہ2 آف شور کمپنیوںکی ملکیت ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے مگر مچھوں کو پکڑ کرنے کیلئے خفیہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔ یہ سو بڑے مگر مچھ ہیں جن میں پبلک آفس ہولڈ رز اور کاروباری افراد بھی ہیں جن کا تعلق پرائیویٹ سیکٹر سے ہے ۔