آسٹریلوی بسیار خوروں نے 16 کلو کھانا چٹ کردیا

 

سڈنی: آسٹریلیا میں منعقدہ ایک مقابلے میں3 پروفیشنل کھلاڑیوں نے صرف 39 منٹ میں 16 کلوگرام کھانا چٹ کرکے شائقین کو حیران کردیا۔ بسیار خوری کا یہ دوستانہ مقابلہ سڈنی میں منعقد کیا گیا تھا جس میں ڈیڑھ کلوگرام گوشت پیٹیز اور 6 لیٹر ملک شیک بھی شامل تھا۔ مقابلے کا عنوان ’مرد بمقابلہ 16 کلو گرام‘ تھا جو فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ ملکی لین نے منعقد کیا تھا۔

کھانے میں ڈیڑھ کلو گرام فرائیز، ڈیڑھ کلو گرام وزنی مٹن پیٹیز، ایک کلو پنیر، ایک کلوگرام پورک، ڈیڑھ کلوگرام پنیر کیک، چھ لیٹر ملک شیک اور دیگر چھوٹی بڑی اشیاشامل تھیں۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کے سب سے بڑے برگر بھی تھے جنہیں پیاز کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے نمبر ایک اور دنیا کے دسویں ایوارڈ یافتہ خوش خوراک مسٹر اسٹبس نے اس موقع پر چیلنج قبول کیا لیکن انہوں نے ملک شیک کی اتنی بڑی مقدار ڈکارنا مشکل قرار دیا کیونکہ شیک فوری طور پر پیٹ بھرنے کا احساس دیتے ہیں تاہم تمام شرکا نے تیاری کے لیے 24 گھنٹے سے کچھ نہیں کھایا تھا۔علاوہ ازیں تینوں شرکا نے بہت سارا پانی پی کر معدے کو صاف اور لچک دار بنایا تھا۔ واضح رہے کہ اسٹبس کچھ روز قبل ساڑھے 5 کلوگرام پنیر کی مٹھائی کھاکر ایک ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔