جاپان میں ایئرپورٹ پانی میں ڈوب گیا۔ کشتیاں چلنے لگیں

ٹوکیو:طاقتور طوفان جیبی نے جاپان کے مغربی علاقے میں تباہی مچا دی، بین الاقوامی کنسائی ایئر پورٹ پانی میں ڈوب گیا ، 3 ہزار مسافروں کو نکالنے کیلئے کشتی سروس شروع کر دی گئی۔
جاپان کو 25 سالوں کے طاقتور ترین طوفان کا سامنا ہے، بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہے ،طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک، 300 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ 10 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی بھی منقطع ہوگئی ۔
خلیج اوساکا کے نزدیک بین الاقوامی کنسائی ایئر پورٹ بھی پانی میں ڈوب گیا ہے، ایئر پورٹ بند ہونے سے وہاں پھنسے ہوئے 3 ہزار مسافروں کو نکالنے کیلئے بوٹ سروس شروع کر دی گئی۔
دوسری جانب جاپان میں آنے والے طوفان جیبی کی وجہ سے متعدد سڑکیں اور ریلوے لائنز بھی تاحال بند ہیں ۔