بھارت میں صحافیو ں کومسلسل خطرات کاسامنا ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

 

نئی دلی:انسانی حقوق کی تنظیم ’’ ایمنسٹی انٹرنیشنل ‘‘ نے کہا ہے کہ بھارت میں صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں دھمکیوں ، حملوں اور جھوٹے مقدمات میں گرفتاریوں کا مسلسل سامنا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ا یمنسٹی انٹرنیشنل نے اس بات کا اظہار بھارتی صحافی گوری لنکیش کی پہلی برسی پر اپنے ایک بیان میں کیا۔گوری لنکیش کو گزشتہ برس قتل کیا گیا تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارتی شاخ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آکار پاٹل نے کہا کہ گوری لنکیش کے قتل کی برسی ایک ایسا موقع ہے کہ اہم اس بات پر غور کریں کہ سچ کو سامنے لانے والوں کو بھارت میں کس قدر خطرات کا سامنا ہے۔ بیان میں عالمی صحافتی تنظیم ’’ رپوٹرز وتھ آؤٹ بارڈرز‘‘ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ رواں برس جون تک بھارت میں کم از کم4 صحافیوں کوقتل کیا گیا ،3 کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ متعدد دیگر کو دھمکیاں دی گئیں۔