دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بہت قربانیاں دیں، علی جہانگیر صدیقی

واشنگٹن:امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نےکہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج، عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
یوم دفاع و شہداء پاکستان کےموقع پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانےمیں منعقدہ تقریب سے خطاب میں علی جہانگیر صدیقی نے وطن عزیز کے لئے جانوں کا نذارانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر امریکی معاون وزیر دفاع رینڈل شرائیور نے واشنگٹن میں یوم دفاع و شہدا ءکی تقریب میں شرکت کی، ان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور جنرل ڈنفورڈ کے دورہ پاکستان کے بعد بہتر تعلقات کے لیے پُرامید ہیں۔
رینڈل شرائیور نے کہا کہ پاکستان امریکا کا دوست اور اہم شراکت دار ہے جبکہ پاک امریکا فوجی تعلقات ہمیشہ بنیادی اہمیت کے حامل رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔