امریکی نژاد پاکستانی کا ڈیم فنڈ میں ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان

 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈز میں عطیہ دینے کی اپیل کے بعد بیرون ملک سے فنڈ جمع کرنے کی ذمہ داری سینیٹر فیصل جاوید کو سونپ دی گئی ہے، فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری نے ایک ارب ڈالر عطیہ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیم فنڈ ز جمع کرنے کیلئے پارٹی رہنماوں کو اہم ٹاسک تفویض کر دیئے ہیں اور اب سینیٹر فیصل جاوید بیرون ملک جا کر ڈیم کیلئے فنڈ ریزنگ کریں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ امریکہ میں مقیم ایک پاکستانی شہری وزیراعظم کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک ارب ڈالرعطیہ کرنا چاہتا ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے جذبے کو سراہا۔

دوسری جانب بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے بھی ڈیم فنڈ کے حوالے سے فعال ہو گئے ہیں اور بنکاک و کینیڈا سمیت کئی ملکوں میں پاکستانی سفارتخانوں نے پریس ریلیز جاری کئے ہیں جن میں ڈیم فنڈز کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔بیرون ملک پاکستانیوں نے وزیر اعظم کے ڈیم کیلئے چندہ دینے کی اپیل کو خوش آمدید کہتے ہوئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔