پاکستان میں پے پال جلد متعارف کرائیں گے، اسد عمر

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ پے پال یا اس سے ملتا جلتا آن لائن پے منٹ پلیٹ فارم جلد پاکستان میں متعارف کرائیں گے۔ ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں با صلاحیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد فری لانسنگ شعبے سے وابستہ ہے اور ماہانا کروڑوں ڈالر بیرون ملک سے پاکستان لاتے ہیں، اس وقت پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو گھر بیٹھے ماہانا لاکھوں ڈالر کما سکتے ہیں لیکن انہیں بیرون ملک مقیم کلائنٹس سے لین دین کے لیے پے پال جیسے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اس سلسلے میں کچھ ملاقاتیں ہوئی ہیں او اگلے تین سے چار ماہ میں پے پال یا اس کا متبادل پلیٹ فارم پاکستان میں متعارف کراد یا جائے گا۔ پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ لیدر گارمینٹس جیسے چھوٹے ایکسپورٹرز پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں کیوں کہ ایسی انڈسٹریز سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں جب کہ بڑی بڑی کمپنیاں ملک میں سرمایاکاری اور نئی ٹیکنالوجی لانے میں مدد دیتی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.