سعودی عرب، جاپان، جنوبی کوریا کو فوجی امداد دینے کی ضرورت نہیں: ٹرمپ

 

واشنگٹن: امریکی صدرنے سعودی عرب، جنوبی کوریا اور جاپان کو فوجی امداد دینے پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہےکہ بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا گیاہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے واشگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ نئے نافٹا معاہدے کا اعلان کیا اور کہاکہ اب کوئی ملک تجارت میں واشنگٹن سے زیادتی نہیں کرے گا۔ میکسیکو اور کینیڈا اب امریکی ڈیری مصنوعات و زرعی مصنوعات خریدیں گے، جس سے امریکی کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم ٹیکس لگانے کے بادشاہ ہیں۔ نریندر مودی نے امریکی موٹرسائیکلوں پر100 فیصد ٹیکس لگایا ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں لیکن ہم نے بھارت کو مجبور کردیاہے کہ وہ ٹیکس کم کرے۔ مودی نے ٹیلیفون کرکے یقین دہانی کرائی کہ وہ امریکی موٹرسائیکلوں پر ٹیکس کم کریں گے۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے کہاکہ امیر ممالک سعودی عرب، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر کو فوجی امداد دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔