بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ درست ہے،آئی ایم ایف

اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر موجود آئی ایم ایف وفد نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کا درست اقدام قرار دیتے ہوئے روپے کی قدر میں مزید کمی لانے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود آئی ایم ایف کی ٹیم نے پاکستان کی معاشی صورتحال کا جائزہ مکمل کرلیا ہے، وفد نے پاکستانی حکام کو ملکی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لئے مزید سخت فیصلے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کا درست اقدام قرار دیا، وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے، جس کے لئے پاکستان کو سخت فیصلے کرنا ہونگے۔
ذرائع نے بتایا آئی ایم ایف نے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور محصولات میں اضافے کی تجویز بھی دی اور فوری طور پر نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد نے ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا،واضح رہے کہ جولائی تا ستمبر کی پہلی سہہ ماہی میں ٹیکس وصولی کا ہدف پورا نہ ہوسکا ہے،آئی ایم ایف کا وفد ایک ہفتے کے دورے کے بعد آج پاکستان سے واپس روانہ ہوگا۔