نوازشریف کی شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی ان کے بھائی شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار اپنے بھائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملنے کیلئےغیر رسمی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق درخواست منظور ہوجاتی تو نوازشریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد شہباز شریف سے ملاقات کرتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے نیب سے رابطہ کرے گی۔
خیال رہے کہ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔
نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈی جی فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔