کراچی ،سمندری ہوائیں رکنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ

کراچی اور گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ جس نے شہریوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہء حرارت 40 ڈگری تک پہنچا تھا ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جب کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کے مطابق جون، اکتوبر اور نومبر میں سمندری طوفان بننے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس دوران سطح سمندر کا درجہ حرارت زائد ہوتا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ماہرین سمندر کے بگڑتے مزاج سے پیدا ہونے والے ٹراپکل سائیکلون کو قریب سے مانیٹر کررہے ہیں۔