پاکستان کے زیادہ تر بینکوں کا ڈیٹا ہیک کرلیا گیا، ایف آئی اے

ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کیپٹن ریٹائرڈ محمد شعیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے زیادہ تر بینکوں کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ہمیں بینکوں نے اس بارے میں رپورٹ نہیں کیا، ہم خود تجزیہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کرائم ڈیٹا دیکھا ہے، جس سے پتہ چلا کہ پاکستان کے بڑے بینکوں کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے، اب تک ہمارے پاس 100 سے زائد مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ کئی گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ بھیس بدل کر عوام کو بے وقوف بنانے والے ایک گروہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایک بینک کی ویب سائیٹ ہیک ہوئی تھی، جس کا ڈیٹا بیرون ملک سے ہیک کیا گیا۔